لاہور(لاہورنامہ) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر دوست مزاری میر جعفر اور میر صادق ثابت ہوئے ہیں.
(ن) لیگ کی ایماء پر پولیس فورس اور ان کے نجی لوگ ایوان میں داخل ہوئے ، ہم اس کے خلاف عدالت جائیں گے تاکہ پتہ چلے کہ ایوان میں پولیس والے یا گلو بٹ آئے ، مریم نواز کے سیل کے لوگ ایوان میں ویڈیو بناتے رہے ،ہمارے لوگوں کے خلاف کوئی انتقامی کارروائیاں ہوئیں تو سسیلین سیسلین مافیا کو باہر نہیں نکلنے دیں گے، ملک بھر میں جلسے جلوس کرکے گلو بٹوں کو ان کی اوقات دکھائیں گے۔
پارٹی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ 16اپریل کو پنجاب اسمبلی میں تاریخ کا بد ترین واقعہ پیش آیا ،(ن)لیگ قانون کو اپنی گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ، مسلم لیگ (ن) والوں نے یہ سب کچھ ایک طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا ،پولیس فورس اور اپنے پرائیویٹ لوگوں کو ایوان کے اندر بلایا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بزرگ خواتین کو زخمی کیا گیا ،راولپنڈی سے فرح آغا کو پولیس نے دھکے مارے تووہ ہاتھ جوڑ کر اپیل کررہی تھیں ،رکن اسمبلی سبین گل اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو دھکے دئیے گئے ،ثانیہ کامران نے انہیں گرنے سے بچایا، ہماری خواتین نے مردوں کی طرح گلو بٹوں کا مقابلہ کیا،ہماری جن خواتین نے غنڈوں کاسامنا کیا ان کے نام سنہری حروف میں لکھے جائیں گے.
مسلم لیگ (ن) نے تربیت یافتہ غنڈے ایوان میں بھیجے، ہم اس کے خلاف عدالت میں جائیں گے اور پتہ کروائیں گے کہ یہ گلو بٹ تھے یا پولیس اہلکار تھے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نیلی شرٹس میں سول کپڑوں میں ملبوس لوگ اشارے بھی دے رہے تھے، ہمیں فون کالز اس طرح آئیں کہ کہیں کوئی شہید نہ ہو جائے، ڈپٹی سپیکر دوست مزاری تاریخ کے بد ترین میر جعفر اور میر صادق ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب خواتین اراکین سپیکر ڈائس پر تو ان پر تشدد کیا گیا ، اس کے بعد دوست مزاری پر حملہ ہوا،آئی جی سے سوال ہے کہ ممبران سے چار گنا زائد پولیس کیوں ایوان میں بھیجی گئی ،غیر ملکی فوج بھی ایوان میں آتی تو اس طرح تشدد کا نشانہ نہ بناتی۔ انہوںنے کہا کہ جب کرپٹ مافیا مسلط کیاجائے گا تو وہ دن دور نہیں جب بچوں کو لے کر سڑکوں پر نکلیں گے ، آئیں گولیاں ماریں ، آپ چاہتے ہیں ملک میں خونی انقلاب ہو ،ہم کہنا چاہے ہیں جو کچھ کرنا کر لوہم ڈرنے والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوروں اورڈاکوئوں کو ملک پیارا نہیں لیکن ہمارا سب کچھ ملک میں ہے۔اگر ہمارے لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوئیں تو سسیلین مافیا کو باہر نہیں نکلنے دیں گے، ملک بھر میں جلسے جلوس کرکے گلو بٹوں کو ان کی اوقات دکھائیں گے۔