ہمایوں اختر

مینار پاکستان کا جلسہ عمران خان کی پذیرائی پر مہر ثبت کریگا، ہمایوں اختر

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کا جلسہ عمران خان کے صداقت پر مبنی بیانیے کی پذیرائی پر مہر ثبت کرے گا.

لاہور کے جلسے سے نہ صرف پاکستان کی آئندہ سیاست کی سمت کا تعین ہو جائے گا بلکہ ہمارے سیاسی مخالفین ہوائوں کا رخ بھی دیکھ لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ صرف تحریک انصاف کے کارکنان ہی نہیں بلکہ عام عوام بھی تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسے میں شرکت کریں گے اور ہماری توقع سے زیادہ تعداد میں لوگ پنڈال میں پہنچیں گے، کارکنوں اور عوام کی بیتابی کو دیکھ کر کہا جا سکتاہے کہ یہ جلسہ گزشتہ تمام جلسوں کے ریکارڈتوڑ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر امن جماعت ہے اور اس کے کسی جلسے میں کبھی ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا ، ہم انتظامیہ اور پولیس سے مکمل تعاون کریں گے اور اسی طرح ہم بھی یہ امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ کسی شر پسند کو جلسے میں رکاوٹ ڈالنے اجازت نہیں دی جائے گی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہاکہ عمران خان اپنی ذات یا سیاست کے لئے نہیںبلکہ ملک کی خود مختاری کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی صاف اور شفاف انتخابات ہوں گے تحریک انصاف اپنے سیاسی مخالفین کو ہر حلقے میں سر پرائز دے گی.