چودھری پرویزالٰہی

عمران خان کی احتجاج کی کال گیم چینجر ثابت ہو گی، چودھری پرویزالٰہی

لاہور(لاہورنامہ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور سمیت بلدیاتی الیکشن کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی احتجاج کی کال گیم چینجر ثابت ہو گی جس سے سارا ملکی سیاسی ماحول تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب غیر آئینی حکومت کو چیلنج کر کے کوئی غیر آئینی کام نہیں کر رہے، عوام اور ہماری مکمل سپورٹ انہیں حاصل ہے.

ن لیگ عوام کے دباؤ کا مقابلہ نہیں کر سکتی، ن لیگ کے خلاف روز بروز عوام کا غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلدیاتی آرڈیننس 10 جون کو ختم ہو رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ آرڈیننس ختم ہونے سے پہلے پہلے تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا جائے، اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی میں شامل ن لیگ کے ارکان کو بلایا ہے مگر وہ نہیں آ رہے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ الیکشن کا شور مچانے والے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، بلدیاتی سمیت جنرل الیکشن کی راہ میں ن لیگ سب سے بڑی رکاوٹ ہے دراصل ن لیگ بلدیاتی الیکشن ہی نہیں کروانا چاہتی۔