اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف آج شانگلہ کادورہ کریں گے جہاں وہ بشام میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم کے اس جلسہ کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں جو کہ مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہے۔وزیر اعظم کے مشیر انجنئیر امیر مقام نے کہا ہے کہ شانگلہ کے عوام اپنے اپنے وزیر اعظم کی آمد کے منتظر ہیں جو ایک محنتی سیاستدان کے طور پر جانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں 11 مئی کو صوابی میں جلسہ ہوگاجس سے وزیر اعظم خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے تمام بیانیہ کا انحصار ایک جعلی خط پر ہے،عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔اپنے ذاتی مفادات کے لئے عمران خان ملک کاایک بدنما چہرہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اچھے اور برے کا فرق بتانا ضروری ہے ،پی ٹی آئی نے ملکی اداروں کے خلاف الزام تراشی شروع کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت چار سال میں اپنے وعدے پورے کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔