سیریز

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں سرفراز سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں سرفراز سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سرفراز احمد کو کم از کم دو ون ڈے انٹر نیشنل میچز میں آرام دیا جاسکتا ہے، آرام دینے کی تجویز قابل عمل ہوگئی تو قیادت کی ذمہ داری نوجوان شاداب خان کو دی جاسکتی ہے اور وکٹ کیپنگ محمد رضوان کریں گے۔

حیران کن طور پر ہونے والی پیش رفت کے طور پر شاداب خان کی موجودگی میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو بھی دو میچوں میں موقع دیا جائےگاتاکہ ورلڈ کپ سے پہلے یاسر شاہ کو بھی ون ڈے میچوں میں چیک کیا جاسکے۔شاداب خان نے پاکستان سپر لیگ میں محمد سمیع کے ان فٹ ہونے کے بعد کپتانی کے فرائض سر انجام دیئے ہیں اور انہیں ذہین کرکٹر مانا جاتا ہے۔سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ شاداب خان کو کپتانی دے کر مستقبل کیلئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو پرکھا کیا جائے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق اور سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی، مکی آرتھر اور سرفراز احمد سے ملاقات کریں گے تاکہ جن کھلاڑیوں کو آرام دینا ہے ان کے بارے میں فیصلہ کیا جاسکے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ چھ سے 7 لڑکوں کو آزمانا چاہتی ہے جب کہ کچھ نئے لڑکوں کو بھی آزمایا جائےگا جن میں عمر اکمل، عابد علی، وہاب ریاض کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے تاہم لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث روف کو فی الحال کھلانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں ایشیا کپ سے پاکستانی ٹیم مسلسل کرکٹ کھیل رہی ہے، ایشیا کپ کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سیریز پھر جنوبی افریقا کا دورہ اور اب پی ایس ایل نے لڑکوں کو تھکا دیا ہے۔