اسلام آ باد (لاہورنامہ) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ڈالر کو بے لگام کرنے کا ذمہ دار عمران خان ہے۔
رانا ثنا اللہ خان نے شیخ رشید کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو جھوٹے ہیں، ایک عمران خان اور دوسرا پنڈی کا شیطان، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا، اس کی مذمت کریں جس نے قوم کو اس حالت میں پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کو بے لگام کرنے کا ذمہ دار عمران خان ہے، چپڑاسی بنی گالہ میں سوتے باس کو جگا دیتا تو اسے ٹی وی سے ڈالر کی قیمت بڑھنے کا معلوم نہ ہوتا، عمران خان کے ارسطو کو پکڑیں جو معیشت کو لفٹ پر اوپر لیجاتے لیجاتے موت کی دہلیز پر لے گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی میں ڈبونے والا عمران خان ہے، معیشت کے قاتل آج مظلوم بننے کا ناٹک کر رہے ہیں، صرف معیشت ہی نہیں جھوٹ کی سیاست کو بھی ٹھیک کریں گے.
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے شہباز شریف کے دور حکومت کی 1 ماہ کی کارکردگی بیان کی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کے ایک ماہ کے دور حکومت کے دوران اسٹاک ایکسچین بیٹھ گئی، مہنگائی بڑھ گئی اور ڈالر آسمان پر پہنچ گیا ہے۔ شیخ رشید نے بتایا کہ فارن ریزوز آدھے رہ گئے ہیں جبکہ منی لانڈرنگ کے تفتیشی افسروں کے تبادلے کر دئیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے منحرف لوگوں کی ووٹنگ پر حکومت بنائی گئی، اپنے سمیت کسی پر فرد جرم نہیں لگانے دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دور حکومت میں میر جعفر اور میر صادق سوالیہ نشان بنا دیا گیا اور سالوں سے بیمار گھنٹوں میں صحت مند ہوگئے ہیں۔