اسلام آباد (لاہورنامہ)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چین پاکستان کی توانائی کی پیداوار میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، امید ہے ،چین مزید سرمایہ کاری کرے گا، خاص طور پر ملک کے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں، چینی کمپنیاں پاکستان میں سولر فوٹو وولٹک ٹیکنالوجی لائیں گی۔
گوادر پرو کو خصوصی انٹرویو میں، شاہد خان عباسی نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کی پیداوار میں چین کا بڑا کردار ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تقریباً 4000 میگاواٹ کے کول بیس پاور پلانٹس ہیں جو سب سے زیادہ موثر بجلی پیدا کرتے ہیں۔ ملک کے بجلی اور توانائی کے شعبے میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے عباسی نے امید ظاہر کی کہ چین پاکستان میں، خاص طور پر قابل تجدید توانائی میں مزید سرمایہ کاری کریگا لہذا ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں ہم مزید چینی سرمایہ کاری دیکھیں گے۔
گوادر پرو کے مطابق شاہد خاقان عباسی جو ماضی میں ملک کے وزیر توانائی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں نے کہا کہ اس وقت چینی کمپنیاں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور بنا رہی ہیں۔ انہوں نے گوادر پرو کو بتایا کہ ان کا (چینی) کردار بڑھ رہا ہے جو کہ پاکستان کیلئے اہم ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے مطابق آج کی توانائی کی مارکیٹ میں جب فوسل فیول کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں، سولر آج پاکستان کی ضرورت کے لیے بہت اہم ہے .
انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ چین کو سولر میں سب سے زیادہ تجربہ ہے، وہ پاکستان آئیں گے اور ملک کو مزید پائیدار توانائی حاصل کرنے میں مدد کریں گے۔ گوادر پرو کے مطابق اس سوال کے جواب میں کہ کیا چینی کمپنیاں پاکستان میں سولر پینلز کی تیاری شروع کر سکتی ہیں، انہوں نے جواب دیا کہ ہاں، اگر پاکستان میں کافی مانگ ہے تو میرے خیال میں یہاں سولر پینل لگائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولر مینوفیکچرنگ ایک بڑھتا ہوا کاروبار ہے اور اسے حجم کی ضرورت ہے لہٰذا مجھے امید ہے کہ ایک بار ڈیمانڈ بڑھنے کے بعد، ہمارے پاس پروڈکشن سائیڈ میں بھی سرمایہ کاری ہوگی۔