لاہور(لاہورنامہ) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت اوراسے دہشتگردی قرار دیتے کہا ہے کہ جعلی حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے رہنماوں شفقت محمود، اعجاز چوہدری ، حماد اظہر، سعدیہ سہیل رانا اور محمود الرشید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ بطور کسٹوڈین آف ہائوس میرا فرض ہے کہ اراکین اسمبلی کے حقوق کی حفاظت کروں،جن اراکین اسمبلی کے گھروں پر پولیس چھاپے مار رہی ہے وہ ان چھاپوں کی ویڈیو زبنالیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ویڈیوز کو اسمبلی کے اندر اور عدالتوں میں پیش کیا جائے گا،خاتون رکن اسمبلی کو ماڈل ٹاون سے زبردستی حراست میں لیا گیا، شریف خاندان، (ن) لیگ اور گلو بٹ جتنا مرضی زور لگا لیں آزادی مارچ اب رکنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پرامن احتجاج کوظالمانہ طریقے سے روکنا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی نااہلی کا ثبوت ہے.
چیف سیکرٹری اور پنجاب کی انتظامیہ گرفتاریاں اورکارکنوں کو ہراساں نہ کریں،راستوں کی بندش عوامی جذبات کو نہیں روک سکتی، کارکن ہر حال میں اسلام آباد پہنچیں گے۔