لاہور( لاہورنامہ)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے پی ٹی آئی کے کے لانگ مارچ کے دوران گرفتاریوں اور نظربندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران پنجاب بھر میں نظر بند افراد کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت میں درخواست شہری فرقان علی اور دیگر نے دائر کی تھی جس میںلانگ مارچ کے دوران گرفتاریوں اور نظر بندیوں کو چیلنج کیا گیاتھا۔سماعت کے دوران سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ بدھ کے روز جتنے لوگ پکڑے تھے سب چھوڑ دئیے ہیں، جو لوگ نظر بند ہیں وہ سب چھوڑ دیں گے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی نے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنر ز3 ایم پی او کے تحت نظر بندی کے تمام احکامات واپس لیں۔اس دوران عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو عدالت کے احکامات صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو بتانے کی ہدایت کی۔