محمد جاوید قصوری

شارٹ فال میں اضافے سے عوام کی مشکلات اور بڑھ گئیں ہیں، محمد جاوید قصوری

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب (وسطی)محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجلی بحران جاری ہے جس سے طلباءسمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔

وزارت پاور کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں کمی کی بجائے مزید تین ماہ تک جاری رکھنے کا اعلان عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ شارٹ فال 6800میگاواٹ سے تجاوز کرچکا ہے۔شہروں میں دس سے بارہ اور دیہات میں 16گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی محض ڈنگ ٹپاﺅ پالیسیوں کا سہارا لے رہی ہے۔ ان لوگوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی ٹھوس ایجنڈا موجود نہیں ۔ عوام بد حال اور ان کی مشکلات میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا چلاجارہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اپریل میں ختم ہونے والی تحریک انصاف کی حکومت اور موجودہ اتحادی حکومت دونوں میں صرف چہروں اور ناموں کا فرق ہے باقی کچھ نہیں بدلا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک عوام کے حقیقی نمائندے بر سر اقتدار نہیں آئیں گے۔ اس وقت تک پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ بد قسمتی سے اتحادی حکومت نے بھی تحریک انصاف کی طرح عوام کو بد حالی، بد عنوانی، کرپشن ، مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت اور لوڈ شیڈنگ کے سوا کچھ نہیں دیا۔