اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور اداروں کے خلاف بیان دے کر عمران خان نے حد پار کر دی ہے، حد میں رہیں تو اچھا ہوگا ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ بیان ثبوت ہے کہ یہ سیاست نہیں، سازش کر رہے ہیں، اقتدار سے محرومی عمران خان سہہ نہیں پا رہے، فرسٹریشن اور بیمار ذہنیت سے فساد پھیلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے وہ بات کہی جو پاکستان کے دشمن کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار جانے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ پاکستان، اس کے اتحاد اور اداروں کے خلاف اعلان جنگ کر دیں ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان اداروں، وفاق اور اس کی اکائیوں پر حملہ آور نہ ہوں، حوصلہ کریں، آئین اور قانون کی حدیں نہ پھلانگیں ،یہ کیا مائنڈ سیٹ ہے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ ورنہ میں جنگ کروں گا؟ ،یہ بیان نہیں بلکہ ملک میں انارکی، تقسیم کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کسی بھی قیمت پر ایسے مذموم ارادوں کو قبول کرے گی اور نہ ہی ہونے دے گی۔