امریکن بزنس کونسل

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (لاہور نامہ) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں فارما، فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی سیکٹر، ای کامرس، ریٹیل سیکٹر، ٹیکسٹائل، سپورٹس اور لاجسٹکس کے شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزراء سیّد نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، مریم اورنگزیب اور متعلقہ اعلی افسران نے بھی اس ملاقات میں شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت، فارما، آئی ٹی، ای کامرس، بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ اور زراعت پر ٹاسک فورس بنائی جا رہی ہے، حکومت پاکستان میں ایکسپورٹ کوالٹی کی زرعی اجناس کی پیداوار یقینی بنا رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ پالیسیوں کے تسلسل کی بات ہم نے کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت اور عام آدمی کی فلاح سیاست سے بالاتر ہے۔ اس موقع پر شرکا نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، بجٹ سے پہلے حکومت کی تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم نے وفاقی سیکرٹری کامرس اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ کو سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر تمام مسائل کا سدباب کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔