اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وہ منگل کو وزارت خارجہ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزارتِ خارجہ میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق خارجہ سیکریٹریز اور سینئر سفارت کاروں نے شرکت کی ہے۔ یہ اجلاس موجودہ صورتحال پر مشاورت کے لئے طلب کیا گیا جس میں موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و امان کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کےلئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ تیار کھڑا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔