محکمہ زراعت

محکمہ زراعت پنجاب کی صوبائی کمیٹی کا اہم اجلاس

لاہور (لاہورنامہ) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم اور تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکارو ں کے درمیان صحتمندانہ مسابقت پیدا کرنے کیلئے مالی سال2021-22 کو گندم اور کینولہ کے ضلعی اور صوبائی سطح پر پیداواری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا.

جس کے لئے محکمہ زراعت نے خواہشمند کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کی گئیں۔فصلات کی پیداوار حاصل ہونے پر محکمہ زراعت کی کمیٹیوں نے تمام کاشتکاروں کی فصلات کی پیداوار کا جائزہ لیا اور صوبائی کمیٹی کو زیادہ پیداوار لینے والے مقابلہ میں شریک کاشتکاران کی فہرست منظوری کے لئے ارسال کی۔

اس ضمن میں گندم و کینولہ کے پیداواری مقابلہ کوصوبائی سطح پر حتمی منظوری دینے کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد کی سربراہی میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں کمیٹی نے گندم کے فی ایکڑ پیداوار کے لئے جاری قومی منصوبہ کے تحت گندم کے پیداواری مقابلہ 2021-22 میں جیتنے والے کاشتکاروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ گندم کے پیداواری مقابلہ 2021-22 میں صوبائی سطح پر ضلع رحیم یار خان کے ارسلان عمر خان ولد بلال عمر خان نے81.21من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے پہلی جبکہ ضلع رحیم یار خان کے محمد اسلم ولد محمد شریف نے78.79 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے دوسری اور ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان ولد غوث محمد نے 70.93 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس کے علاوہ تیلدار اجناس کی فروغ کے لئے جاری قومی منصوبہ کے تحت کینولہ کے پیداواری مقابلہ2021-22 میں صوبائی سطح پر خانیوال ضلع ملتان کے اشفاق احمد ولد حاجی ولی نے پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے پیداواری مقابلہ میں جیتنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلہ جات کاشتکار بھائیوں کے مابین صحتمندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرتے ہیں اور اس سے دوسرے کاشتکارروں میں آگے بڑھنے کی تحریک پیدا ہوتی ہے جس سے پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہوتا ہے۔

اجلاس میں صوبائی کمیٹی ممبران ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت(اصلاح آبپاشی و فیلڈ) ملک محمد اکرم،ڈائریکڑ زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر اور ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ عبدالقیوم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی.