اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مضبوط عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور تجربہ کے لحاظ سے سب سے آگے ہیں اوروہ مادر وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی، ہم کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے لیکن اپنے ملک کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔
وہ منگل کو بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں ”انٹرنیشنل کانفرنس آن میڈیا اینڈ کنفلیکٹ“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات کے ”پاکستان پیس کولیکٹو“ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشروں میں مختلف تنازعات جنم لیتے رہتے ہیں اور ان تنازعات کو ابھارنے یا حل کرنے میں میڈیاکا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے سرحد پر اشتعال کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے جو خطرے کا باعث ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ بھارت کے اندر ہوتا ہے اور اس کاالزام پاکستان پر عائد کردیا جاتا ہے جو بلاجواز ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اس صورتحال میں واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور یہ پاکستانی عوام کی آواز ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا عزم بہت مضبوط ہے، یہ اپنے تجربہ اور پیشہ وارانہ صلاحیت کے لحاظ سے دنیا میں سب سے آگے ہیں اور ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔