لاہور(لاہورنامہ)تحریک انصاف کی رہنما و پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت اتنی بے بس ہے کہ بیورو کریسی ان کی بات سننے کیلئے تیار نہیں.
عطا تارڑ بیورو کریسی کو تو سر کا تاج قرار دے رہے ہیں لیکن یہ بھی بتائیں ان کی نظر میں پنجاب اسمبلی کے ایوان کی کیا اہمیت ہے ؟،کرپٹ ٹولے کو پنجاب اسمبلی میں من مرضی کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ انہیں ہر موقع پر ٹف ٹائم دیا جائے گا ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں سے سوال ہے کہ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو طلب کرنے کی رولنگ دے کر آئین و قانون کی کس شق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ کیا چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب بار ہ کروڑ کے عوام کے نمائندہ ایوان کو جوابدہ نہیں ۔
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ بیورو کریسی اور پولیس کے بل بوتے پر حکومت کی ہے ، ان کی نظر میں جمہوریت اور ایوانوں کی کوئی حیثیت نہیں ، یہ صرف ایوانوں کو اپنی مرضی کے قوانین اور اپنی لوٹ مار پر مہر ثبت کرنے کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے اور ان سے ہر چیز کا سوال پوچھا جائے گا اور انہیں راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ان شا اللہ ضمنی انتخابات میں بھی ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور ان کی دھونس اور دھاندلی کی تمام کاوشیں ناکام بنا دیں گے ۔