فضائی حدود

پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود میں مداخلت کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی، آئی ایس پی آر

اسلام آباد: پاکستان ایئرفورس نے پاکستان کی فضائی حدود میں مداخلت کی بھارتی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان ایئرفورس نے منگل کی صبح پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی لڑاکا طیاروں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے صبح 6:36 بجے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی لڑاکا طیارے مظفر آباد سیکٹر سے لائن آف کنٹرول کو عبور کر کے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ کے بروقت اور مو¿ثر ردعمل کے نتیجہ میں بھارتی طیارے بھاگنے پر مجبور ہو گئے اور جلدی میں اپنا پے لوڈ بالا کوٹ کے قریب گرا کر فرار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پے لوڈ گرنے کے نتیجہ میں کسی قسم کا کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ مسلح افواج کے ترجمان نے قبل ازیں علی الصبح 4:42 پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے۔ پاکستان ایئر فورس نے بروقت اور موثر ردعمل کا مظاہرہ کیا جس پر بھارتی طیارے واپس بھاگ گئے۔ ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلات بعد میں جاری کرنے کا کہا ہے۔

پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر ایک مقامی نوجوان کے حملہ کے بعد بھارت کی سیاسی اور فوجی قیادت کی جانب سے پاکستان پر حملہ کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں اور پاکستان کی فضائی حدود میں بھارتی طیاروں کا گھسنا اور فضائی حدود کی خلاف ورزی ان دھمکیوں کے بعد کی گئی ہے۔ پلوامہ میں بھارتی فوجی دستے پر مقامی نوجوان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جاری مظالم کے ردعمل کے طور پر کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ منگل کو اپنے ایک ٹی وی خطاب میں بھارت کو خبردار (وارننگ) کیا تھا کہ وہ کسی قسم کی غلطی سے باز رہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جنگ شروع کرنا تو آسان کام ہے لیکن پھر اس پر کسی کا کنٹرول نہیں رہتا کہ اس کو کس طرح ختم کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح انداز میں کہا کہ ہم بھارت کی اس طرح کی کسی بھی حرکت کا جواب دینے کے لئے صرف سوچیں گے ہی نہیں بلکہ ہم بھرپور جواب دیں گے اور ہمارے پاس مو¿ثر جواب دینے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے اور پلوامہ واقع سے کسی قسم کا کوئی فائدہ حاصل نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے کسی بھی قسم کے ثبوت پر تعاون کی پیشکش بھی کی تھی تاہم بھارتی میڈیا کی مختلف رپورٹس کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارت نے بڑی تعداد میں فوجی ساز و سمان اور فوجی منتقل کئے ہیں اور بھارتی انتخابات کے موقع پر وہ پاکستان کو سبق سکھانا چاہتا ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر مختلف فارمیشنز کا دورہ کیا۔ پیر کو انہوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے بھارتی دھمکیوں، پاکسان کے ردعمل اور آپریشنل تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں چیفس نے مسلح افواج کی تیاریوں اور باہمی اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی قسم کی جارحیت یا غلطی کا بھرپور جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔