بلاول بھٹو زر داری

بلاول بھٹو زر داری کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

تہران (لاہورنامہ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران کیساتھ دوطرفہ تعاون اور اقتصادی سفارت کاری مضبوط بنائیں گے۔

منگل کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری 2 روزہ دورے پر ایران پہنچے۔ایران کے دارالحکومت تہران پہنچنے پر وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے دو روزہ دورہ ایران سے قبل ایرانی سرکاری میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی اقوام کے درمیان دیرینہ، تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں میں روحانی، ثقافتی، تاریخی اور سماجی مشترکات موجود ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران پاکستان میں عوامی رابطوں کو مضبوط کرنے کے زیادہ امکانات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دورہ ایران کے دوران افغانستان پر بھی بامعنی بات چیت ہوگی، دونوں ممالک کے درمیان ذرائع آمدورفت بڑھانے اور سیاحت پر بھی بات ہوگی۔بلاول بھٹونے کہا کہ دورہ ایران میں وہ ایرانی ہم منصب اور ایرانی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔