آرڈیننس جاری

اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات محدود، گورنر نے آرڈیننس جاری کر دیا

لاہور (لاہورنامہ) پنجاب حکومت نے سپیکر صوبائی اسمبلی کے اختیارات محدود کر دیئے، گورنر بلیغ الرحمن نے آرڈیننس جاری کر دیا ۔

صوبائی اسمبلی کو محکمہ قانون کے ماتحت کر دیا گیا ہے، صوبائی اسمبلی کے اختیارات محدود کرنے کیلئے محکمہ قانون نے سمری تیار کی تھی۔ صوبائی اسمبلی کے رولز آف بزنس میں آرڈینس کے ذریعے ترامیم کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے سپیکر کے اختیارات ان کے روئیے کے باعث محدود کئے۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی حیثیت ختم کرنے کیلئے بھی آرڈیننس جاری کیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کا تمام عملہ وزارت قانون کے ماتحت کردیا گیا۔ اب ہر نوٹیفکیشن وزارت قانون سے ہی جاری کیاجائے گا۔ صوبائی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کو لامحدود اختیارات حاصل تھے، اب اجلاس کو ڈی نوٹیفائی اور نوٹیفائی کرنا سیکرٹری اسمبلی کے اختیار میں نہیں، اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن سیکرٹری قانون جاری کریں گے۔