لاہور(لاہورنامہ)تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ہم بھی اسی آئی ایم ایف ڈیل کے ساتھ ملکی معیشت کو بڑھا رہے تھے.
ہمارے دورمیں تو عوام کو ریلیف دینے پر آئی ایم ایف نے پروگرام معطل نہیں کیا تھا، فسطائی حکومت کے ہر ظلم اورجبر کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے لیکن اس کے باوجود عوام کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ لوٹ مار ایسوسی ایشن کے اتحاد پر قائم جعلی حکومت حالت نزاع میں ہے لیکن یہ اپنے ساتھ ساتھ پوری قوم کو بھی وینٹی لیٹر پر ڈالنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت اقتدارمیں آئی ہے تحریک انصاف کو بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، مرد و خواتین رہنمائوں پر دہشتگردی کے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ہر ظلم اورجبر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے لیکن اپنے مقصد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف سے معاہدے کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہے ہیں، ہم بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میںرہتے ہوئے عوام کو ریلیف دے رہے تھے او رہماری معیشت بھی ترقی کر رہی تھی.
حقیقت یہ ہے امریکہ اپنے غلاموں کی رسی کھینچ کے ان سے مزید احکامات کی تعمیل کروا رہا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت تباہ کی جا سکے۔