حماد اظہر

کبھی سوچا نہیں تھا کہ FTFAکی مبارکباد، دہشت گردی عدالت کے باہر لونگا،حماد اظہر

لاہور (لاہورنامہ)تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ مریم نواز کو بتانا چاہتا ہوں جتنے مرضی مقدمات قائم کردیں ہم گھبرانے والے نہیں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ ایف ٹی ایف سے نام نکالنے کی مبارکباد میں دہشت گردی عدالت کے باہر موصول کرو نگا۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور رانا ثنااللہ کو بتانا چاہتا ہوں جتنے مرضی مقدمات قائم کردیں گھبرانے والے نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے ہم نے بہت کام کیا۔واضح رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے صدر نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے وفد کے دورہ پاکستان سے مشروط کر دیا۔

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے تمام شرائط پوری کردیں اور تمام 34 نکات پر عمل کرلیا ہے جب کہ پاکستان نے دونوں ایکشن پلان پر وقت سے پہلے عمل درآمد کیا۔فیٹف اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے بھرپور اور بہتر اقدامات کیے اور ایف اے ٹی ایف کی ٹیم بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، کورونا کی صورتحال دیکھ کر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو 2018 میں مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں ایف اے ٹی ایف نے گرے لسٹ میں ڈالا تھا۔