لائن آف کنٹرول

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا،وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

اسلام آباد : وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا، پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنے ملک کے دفاع کے لئے مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی دہشت گردی کی زندہ مثال کلبھوشن دنیا کے سامنے ہے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اگر دوبارہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین مسلح افواج میں شمار ہوتی ہے، پاکستان کی قوم میڈیا اور اپوزیشن ملک کے تحفظ و دفاع کے لئے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، چار ریاستوں کے انتخابات میں شکست کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سر پر جنگی جنون سوار ہے اور انتخابات میں شکست کے بعد مودی کی دماغی حالت بہت خراب ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو گھروں سے نکال کر شہید کیا جا رہا ہے، عالمی برادری و انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر کیوں خاموش کیوںہیں، بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا ثبوت ان کا فوجی کلبھوشن یادیو ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا اعتراف کر چکا ہے۔