شاہ محمود قریشی

سمجھ سے باہرہے کہ موجودہ حکومت فیٹف کے حوالے سے کس بات کا کریڈٹ لےرہی ہے،قریشی

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ موجودہ حکومت فیٹف کے حوالے سے قانون سازی کی مخالفت کے باوجود کس بات کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے.

دونوں جماعتوں نے شرط عائد کیں اگر ہمیں نیب کے کیسز میں ریلیف ملے گا تو ہم فیٹف کے خلاف قانون سازی میں آپ کا ساتھ دیں گے ورنہ نہیں دیں گے،حماد اظہر ،وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ سمیت ہمارے عسکری ادارے کے متعلقہ حکام اور اسٹیٹ بنک کے لوگوں نے بہت تعاون کیا،امید ہے فیٹف کی ٹیم اپنے وزٹ کے دوران اس مثبت پیش رفت کو دیکھتے ہوئے، مثبت فیصلہ کریگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فیٹف کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ جب ہم فیٹف کے حوالے سے قانون سازی کر رہے تھے تو پاکستان پیپلز پارٹی اور نون لیگ دونوں اس عمل سے گریزاں تھیں۔انہوں نے کہاکہ جب ہم نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ فیٹف کے حوالے سے قانون سازی، ملکی مفاد میں ہے تو انہوں نے این آر او 2 ہمارے سامنے رکھ دیا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ موجودہ حکومت اس قانون سازی کی مخالفت کے باوجود آج کس بات کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں جماعتوں نے شرط عائد کی کہ اگر ہمیں نیب کے کیسز میں ریلیف ملے گا تو ہم فیٹف کے خلاف اس قانون سازی میں آپ کا ساتھ دیں گے ورنہ نہیں دیں گے،اس حوالے سے جتنا ایکشن پلان تھا وہ ہمارے دور میں مکمل ہوا جس کی بنیاد پر پلینری سیشن میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ سائٹ وزٹ کے بعد گرے لسٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ اس کی منصوبہ بندی، انتظامی نوعیت کے اقدامات اور قانون سازی تو پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ہوئی، یہ کس منہ سے اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیںاس حوالے سے حماد اظہر صاحب نے، وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ نے مل کر ایک متفقہ لائحہ عمل اپنایا، اور انتھک کوششیں کیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمارے عسکری ادارے کے متعلقہ حکام اور اسٹیٹ بنک کے لوگوں نے بہت تعاون کیا، فیٹف نے جتنے بنچ مارک متعین کیے تھے الحمدللہ ہم نے ان پر تسلی بخش پیش رفت کی، مجھے امید ہے کہ فاٹف کی ٹیم اپنے وزٹ کے دوران اس مثبت پیش رفت کو دیکھتے ہوئے، مثبت فیصلہ کریگی۔