حسن مرتضی

ایک ماہ ہو گیا مجھے وزیر بنے، کوئی محکمہ نہیں دیا گیا، حسن مرتضی

لاہور(لاہورنامہ) سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ یہ بد معاشیاں بھی کرتے ہیں اور شرافت کے لبادے بھی اوڑھتے ہیں،اس گھٹ زدہ ماحول میں پی ایس ایف،یوتھ اور مینارٹی ونگ کے لوگ پیپلز پارٹی اور اسکے نظرئیے سے جڑے ہوئے ہیں جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں.

آج ہم اس مرحلے سے گزر رہے ہیں جو آپ کو اقتدار کی طرف لے کے جاتا ہے،مجھے وزیر بنے ایک ماہ ہو گیا ہے،مجھے کوئی محکمہ نہیں دیا گیا اور انکے اپنے وزرا کو محکمے الاٹ کر دئیے گئے ہیں،کل کو ہم نے انکے خلاف ہی الیکشن لڑنا ہے۔وہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر پنجابی آرٹ اینڈ کلچر کمپلیکس میں "جشن بے نظیر”کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پی ایس ایف کے علاہ گلگت بلتستان،ازاد کشمیر،پشتون سٹوڈنٹ کونسل،سرائیکی سٹوڈنٹ کونسل،سندھی سٹوڈنٹ کونسل اور مینارٹی ونگ کی طرف سے شاندار ٹیبلو پیش کیے گئے جبکہ تقریب میں مشاعرے کا بھی اہتمام۔کیا گیا تھا، تقریب کے دوران مہوٹے گروپ اور سرائیکی سٹوڈنٹس کی جھومر نے محفل لوٹ لی،نظامت کے فرائض شہزاد سعید چیمہ ،ڈاکٹر جاوید جان اور سبط حسن نے ادا کیے۔

اس موقع پر ثمینہ خالد گھرکی،اسلم گل،نرگس خان،جمیل منج،نوید چودھری، بشارت صدیقی، آصف بشیر بھاگٹ،بیگم رانا شوکت،صغیرہ اسلام،شاہدہ جبیں،عزیز الرحمن چن فیصل،میر،افنان صادق بٹ ،منور انجم، محسن ،شہناز کنول اور دیگر بھی موجود تھے.

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید بی بی رانی سے روحانی محبت اور عشق ہے یہ اسکی ابتدا ہے کہ آج انکی سالگرہ کا دن ہے اور جو سانحہ ہوا لگتا آج ہی ہوا ہے مگر وہ آج بھی ہم میںموجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ آج بھی کچھ ستمگر سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی یا کسی جمہوری جماعت میں کوئی دم خم رہ گیا تو شاید انکی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے.

اور وہ اس خوف اور پروپیگنڈے میں لگے ہیں کہ پیپلز پارٹی اس ملک کو کھا گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹا آدمی بڑے عہدے کو بھی چھوٹا کر دیتا ہے مگر بڑا آدمی چھوٹے عہدے کو بھی بڑا کر دیتا ہے،کسی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور ممنون حسین میں کیا فرق ہے،میں نے کہا کہ ممنون کو صدر وزیر اعظم نے جبکہ صدرآصف علی زرداری وزیر اعظم بنانے والا ہے۔انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ نے شہید بی بی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارکنوں کے لیے قوس قزح کے رنگوں کی بہار ہیں،بے نظیر ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظرئیے اور نکتہ نظر کا نام ہے،وہ ملک میں شدت پسندی اور انتہا پسندی کیخلاف توانا آواز تھیں۔