مسرت جمشید چیمہ

دھونس سے منظور کرائے گئے بجٹ کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں، مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ) تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئرپرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے پنجاب اسمبلی کی عمارت سے باہر جعلی اجلاس منعقد کر کے جعلی بجٹ منظور کرایا ہے.

شہباز شریف کے ہونہار سپوت اپنے والد کی پیروی کرتے ہوئے صوبے کے کھربوں روپے کے وسائل کو اپنی صوابدید پر رکھ کر شہنشاہوں کی طرح خرچ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کی ”وارداتوں ”کوناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جعلی حکومت بھانپ چکی تھی کہ وہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی موجودگی میں بجٹ کی آڑ میں عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی اس لئے میں حکومت میں ہونے کے باوجود میں نہ مانوں کی رٹ لگائی گئی۔

بجٹ میں اپوزیشن کی رائے کو شامل نہیں کیاگیا ، کٹوتی کی تحاریک پیش نہیں ہوئیں بلکہ حکومت نے جبر اور دھونس سے بجٹ پیش کیا اور منظور کرایا ہے جس کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے نے بجٹ میں اربوں روپے کے فنڈز بلاک ایلوکیشن میں رکھے گئے ہیں جس کا مقصد انہیں اپنی صوابدید کے تحت استعمال کر کے کرپشن کرنا ہے لیکن ہم صوبے کی عوام کے وسائل پر پہرہ دیں گے اور ان کے ہر جعلی اقدام کے خلاف آواز بلند کریں گے۔