مسرت جمشید چیمہ

ضمنی انتخابات سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد مقدمات درج کرائے گئے، مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بد ترین آمریت کے ادوار میں بھی کبھی خواتین کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج نہیں کرائے گئے.

متعدد مقامات پر نا معلوم افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں اورسیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے ہر روز کسی مقدمے میں ہمارا نام شامل کر دیا جاتاہے ، فسطائی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعو ب ہو کر حق سچ کی جنگ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جعلی بجٹ کی منظوری اور ضمنی انتخابات سے توجہ ہٹانے کیلئے ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرائے گئے، ضمنی انتخابات کے حلقوں میں اب تک ہونے والے سروے کی رپورٹس تحریک انصاف کے حق میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میر جعفراور میر صادق ہوائوں کا رخ دیکھ چکے ہیں اس لئے انتظامیہ اور پولیس کے ذریعے ضمنی انتخابات کے نتائج میں نقب لگانے کی پیشگی منصوبہ بندی کر رہی ہے جسے ہم جان پر کھیل کر بھی ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے امپورٹڈ ٹولے کی کرپشن اور بد ترین مہنگائی کو تو برداشت کر لیا ہے لیکن ملک سے غداری کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں، سامراج کے ایجنٹوں کے چہرے عوام کے ذہنوں میں نقش ہیں اور وقت آنے پر کڑا محاسبہ کیا جائے گا ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اگر یہ سوچ رہے ہیں کہ جعلی مقدمات میں روزانہ کی بنیاد پر پیشیوں سے ہم عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیں گے تو یہ ان کی سب سے بڑی بھول ہے ،ملک کو حقیقی آزادی دلانے کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی دینا پڑا تو دریغ نہیں کردیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی عدالت میں ہیں اور انشا اللہ سر خرو ہوں گے اور دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے۔