گوجرخان(لاہورنامہ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے کبھی جھوٹا وعدہ نہیں کیا .
ہمیشہ اخلاق کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ برتاؤ کیا کبھی اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ میرا کوئی مخالف نہیں کیونکہ میں بھی کسی کا مخالف نہیں ہوں اپنے علاقے کی ترقی کے لئے سب کو اکھٹا ہو کر کوشش کرنی چاہیے سیاست دو قسم کی ہوتی ہے ایک جھوٹ بول کر سیاست کرنا اور دوسرا خدمت کی سیاست کرنا بدقسمتی سے پچھلے دور میں جھوٹ اور فریب کی سیاست کا راج رہا عوام کو ایک کروڑ نوکریاں ،پچاس لاکھ مکان ،نیا پاکستان نعرے لگا کر سبز باغ دکھائے گئے.
ریاست مدینہ کا خواب دکھانے والوں نے پورے پاکستان میں کوئی ایک ترقی کا کام نہیں کیا مخلوق خدا کے ساتھ جھوٹ بولنا،اس کے ساتھ دغا،فریب کرنے والے شخص کو دنیا و آخرت میں حساب دینا پڑے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے دولتالہ (مستالہ) کے مقام پر نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی منیجمنٹ سسٹم SMS جس پر ساڑھے چھ کروڑ روپے لاگت آئی کے افتتاح کے بعد ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی منیجمنٹ سسٹم سے علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ ،کم پریشر و دیگر مسائل کا حل ممکن ہو سکے.
گوجر خان میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ صحت ،تعلیم و دیگر سہولیات کے فقدان کو جلد ختم کر دیا جائے گا گوجرخان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس اور وویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے قیام سے علاقے کی عوام کی پریشانیاں دور ہوں گی .
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنے دور وزارت،وزارت عظمیٰ میں بلاتفریق اور بلاامتیاز اپنے ملک اور حلقہ کے عوام کی خدمت کی انہوں نے کہا کہ وہ آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری،اپنی پارٹی اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جہنوں نے ان پر بھر پور اعتماد کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی بنایا انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ میرے پاس امانت ہے اور میری پوری کوشش ہو گی کہ اس میں خیانت نہ ہو .
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ میرا کوئی مخالف نہیں ہے کیوںکہ میں خود کسی کا مخالف نہیں ہوں اقتدار آنی جانی چیز ہے اس لیے کوشش کرنی چاہیے کہ اپنے آنے والی نسلوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں انہوں نے کہا کہ میں ہر وقت اللّٰہ پاک کی بارگاہ میں دعا کرتا رہتا ہوں کہ مجھے توفیق عطا فرما کہ میں اپنے عوام کی خدمت کر سکوں ـ