اسلام آ باد (لاہورنامہ) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اگر انتخابات کے دوران دھاندلی ہوتی رہی تو پاکستان میں انارکی پھیلے گی، ہمارے خلاف جھوٹے کیسز ہیں ، ان میں ہماری ضمانت منظور ہوگئی ہے.
17 جولائی کو لاہور اور فیصل آباد میں ہونے والے انتخابات میں بہتر انتظامات کیے جائیں۔ سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ سازش کی گئی ہے اور جس طرح قانون کا مذاق بنایا گیا ہے اور جس طرح عالمی سازش سے عمران خان کی حکومت کو عدم اعتماد کا شکار بنایا گیا ہے اس سے ان کی سیاست بڑھی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ میں ہونے والے الیکشن کے متعلق ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران غنڈے بیلٹ باکس کے ساتھ پریذائیڈنگ افسران کو بھی اٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے گزشتہ روز سندھ میں ہونے والے الیکشن کی صورتحال دیکھتے ہوئے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ 17 جولائی کو لاہور اور فیصل آباد میں ہونے والے انتخابات میں بہتر انتظامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو سندھ انتخابات والی صورتحال رہی تو پاکستان میں انارکی پھیلے گی، جمہوریت کو نقصان ہوگا اور معیشت جو پہلے ہی خراب صورتحال کا شکار ہے وہ بھی تباہ ہوجائیگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ اے این پی کو پتہ لگ گیا ، بی اے پی کہیں دکھائی نہیں دے رہی اور ایم کیو ایم کو تو کل پتہ لگ جانا چاہیے کہ 13 رکنی سازشی اتحاد حکومت میں ہے۔