جاوید شیخ

معیاری کام کا قائل ہوں اور اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا، جاوید شیخ

لاہور (لاہورنامہ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سدا بہار اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ معیاری کام کا قائل ہوں اور اس پر سمجھوتہ نہیں کرتا ۔ ایک انٹر ویو میں اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ نوجوان اداکاروں کو یہ سوچ کر کام کرنا چاہیے کہ وہ جتنا کام کریں گے اتنا ہی انکے کام میں پختگی آئے گی ۔

انہوں نے کہا حوصلہ افزائی ہی اداکار کے لئے سب کچھ ہوتا ہے۔ انہوں نے نئے اداکاروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کردار ملے اسے حقیقت کے قریب تر ہو کر نبھانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سچ پوچھا جائے تو ہمارے یہاں حوصلہ افزائی میں ذرا کنجوسی سے کام لیا جاتا ہے جو اچھی روایت نہیں ۔

انہوں نے کہا اگر ہمیں اپنے کلچر کو فروغ دینا ہے تو فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں عزت دینا ہو گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا اگرچہ آج کل شوبز کی دنیا میں پیسے کی کافی ریل پیل ہے تاہم گزرے وقتوں کے کئی اداکار کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں جن کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کو خصوصی توجہ دینا ہوگی۔