لاہور(لاہورنامہ) صنعتکار رہنما چیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمہ اور صنعتی شعبہ میں مسلسل بجلی کی فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں رہنے سے ہی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر ملک بھر میں بند پاور پلانٹس کو فوری طور پر کھولنے کے حکم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بند پاور پلانٹس کھولنے سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں مدد ملے گی نیز کروٹ میگا پاور پلانٹ سے 720میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے بھی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی واقع ہوگی۔چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ ملک بھر میں تمام پاور پلانٹ کو گیس پر منتقل کیا جائے تاکہ بجلی کی فی یونٹ پیداوار کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکے اس ضمن میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کو جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے.
جب ایران سے گوادر بلوچستان کیلئے 300میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے جس کا افتتاح وزیراعظم نے خود کیا ہے تو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ میں بھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوسکتی۔
گیس منصوبہ کی تکمیل سے ملک میں گیس بحران کے خاتمہ میں مد د ملے گی اور انڈسٹریز کو بھی اس کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی ممکن ہوسکے گی جس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گااور برآمدات میں اضافہ سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔