لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہم سب کو اپنے اختلافات بھلا کر اکٹھا ہونا ہوگا اوروزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، جس شخص نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور موٹرویز کا جال بچھایا اس کے ساتھ ہونے والا سلوک مناسب نہیں ۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آزا دکشمیر میں فضائی جارحیت کی گئی ہے جس کا ہماری افواج نے فوری اور موثر جواب دیا ۔ سیاست چلتی رہے گی لیکن اس وقت ملک کی سالمیت سب سے اہم ہے ۔ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہونا چاہیے اس لئے وزیر اعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس پر افسوس ہے او رپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ اس وقت ہماری قیادت ، جماعت اور کارکنوں پر آزمائش ہے لیکن صاف پانی کمپنی اور آشیانہ میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں میں سب کچھ سامنے آرہا ہے کہ نیب نے بد نیتی کی ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں کوشش ہے کہ کوئی اختلافی بات نہ کریں لیکن نواز شریف وہ شخصیت ہیں جنہوںنے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا ، موٹر ویز کا جال بچھایا اور ملک کو ترقی دی اور ایسے شخص کے ساتھ ہونے والا سلوک مناسب ۔
انہوںنے نواز شریف کی پاکستان میں اینجیو گرافی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کا جو مرض ہے اس کےلئے الیکٹرو فزا لوجسٹ کی ضرورت ہے ، ہم نے اپنے دور میں ایک ڈاکٹر رکھا تھا لیکن نگران حکومت نے انہیں نکال دیا ، نواز شریف کی طرح اور بھی لوگ ہیں جنہیں اس علاج کی ضرورت ہے لیکن جب پالیسیوں میں تسلسل نہیں ہوگا تو پھر اس طرح کی مشکلات آتی ہیں۔