امتحانات ملتوی

اوپن یونیورسٹی کے 8جولائی کو منعقد ہونے والے امتحانات ملتوی

اسلام آباد (لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2021ء کے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، ایم اے/ایم ایس سی(اوڈی ایل)پروگراموں کے امتحانات ملک بھر میں جاری ہیں۔

8سے 12جولائی تک عیدالاضحی کی سرکاری تعطیلات کی بناء پر شعبہ امتحانات نے 8جولائی کو منعقد ہونے والے امتحانات ملک بھر میں ملتوی کردئیے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

شعبہ امتحانات کے جاری کردہ اس مراسلے کے مطابق 8جولائی کومنعقد ہونے والے پرچے اب 19جولائی کو لئے جائیں گے۔امتحانی مرکز اور اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور پہلے سے جاری کردہ رول نمبر سلپس نئی تاریخ کے لئے کارآمد ہوں گی۔

واضح رہے کہ اِن امتحانات کی ڈیٹ شیٹ میں 9سے 12جولائی تک پہلے ہی کوئی پرچہ نہیں رکھا گیا ہے، عیدالاضحی کی سرکاری تعطیلات کے بعد پہلا پرچہ 13جولائی کو ہوگا۔

علاوہ ازیں نئے سمسٹر خزاں 2022ء کے پہلے مرحلے کے داخلے 15جولائی سے شروع ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں میٹرک(جنرل)، ایف اے (جنرل)، میٹرک درس نظامی(ثانویہ عامہ)، ایف اے درس نظامی(ثانویہ خاصہ)اور آئی کام پروگرامز کے علاوہ پی ایچ ڈی، ایم فل اور بی ایس(فیس ٹو فیس)پروگرامز بھی شامل ہوں گے۔