مسرت جمشید چیمہ

پولنگ اسٹیشنوں پر پہرہ دینگے اور 17جولائی کو فتح کا جشن منائینگے، مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے 20حلقوں میں ضمیر فروشوں کی سیاسی موت ہونے پر ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں.

17جولائی کو قوم لوٹوں ،ان کے سہولت کاروں اور غداروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرے گی ۔ضمنی انتخابی حلقہ پی پی 167میں چوہدری شبیر گجر کی انتخابی مہم کے دوران منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ متنبہ کرتے ہیں کرائے کے غنڈوں کے ذریعے دھونس جمانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے.

ہمارے مخالف امیدوار نے بد قسمتی کوپیسے کے عوض خریدا ، بد قسمت کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے کا الیکشن ہے ، شبیر گجر جیت جائے یا ہار جائے فرق نہیں پڑنالیکن پاکستان کے مستقبل پر ضرور اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو آنکھ نکال دیں گے اور اگر ہاتھ بڑھایا تو ہاتھ توڑ دیں گے .

یہ پاکستان ، ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ ہے ، قوم غداروں سے نجات حاصل کرنے کیلئے باہر نکلے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے ووٹوں پر پہرہ دیں گے ، ان شااللہ 17جولائی کو فتح کا جشن منائیں گے۔