لاہور(لاہورنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ معیشت ٹھیک ہو گئی تو ان شا اللہ سب ٹھیک ہو جائے گا، سیاست سے زیادہ ملک اور معیشت کو بچانے کی ضرورت ہے،ریاست اور ملک بچانے کی خاطر کڑوے فیصلے کرنے پڑے.
عمران خان نے قومی معیشت کے ہاتھ پائوں رسیوں سے باندھے، آج ہم ان رسیوں کو کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں،عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا ہے، اللہ نے چاہا تو وزیراعظم جلد ہی اس پرخوش خبری دیں گے۔جاتی امراء رائے ونڈ میں عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی اور ایس او ایس ویلج کے دورے کے بعد پارٹی رہنمائوں ،کارکنوں اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت5.8 گروتھ ریٹ چھوڑ کر گئی تھی.
ساڑھے آٹھ سال بعد الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔سابقہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی عروج پر ہے۔ریاست مدینہ اور نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے کہاں گئے، میں نے تو کبھی نہیں کہا کابینہ نہیں ہے، بحرانوں کا سامنا ہے ۔ریاست اور ملک بچانے کی خاطر کڑوے فیصلے کرنے پڑے، مجھے تو عوام کی خدمت کرنے سے کوئی نہیں روک سکا ، ہم نے آٹا 160روپے سستا کرکے پورے صوبے کے عوام کو مہیا کیا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پچھلے دور حکومت میں رشوت کا بازار گرم رہا۔ عمران نیازی صاحب پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں پھر بھاشن دیں، یہ الیکشن کمیشن پہنچ گئے کہ سستی بجلی کیوں دی جا رہی ہے ،فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آئے گاتو پتہ چل جائے گا کہ کس نے منی لانڈرنگ کی ،کیا توشہ خانہ سے تحفے بیچنے والا ریاست چلائے گا۔
حمزہ شہباز نے احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کوجھوٹ بولنے کا جو آرٹ آتا ہے وہ کسی کے پاس نہیں، اس آرٹ پر سو بٹا سو نمبر دیتا ہوں، عمران خان کو پیغام دوں گا کہ نفرتیں نہ پھیلائو،اسے کچھ دماغی مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے تو یہ بھی کہا تھا کہ میں انہیں سر پر سریا مار دیا جس کی وجہ سے ان کا بازو ٹوٹ گیا،میں ایسی باتوں کی پرواہ نہیں کرتا ،نہ برا مانتا ہوں،پاکستانی عوام مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان نے قومی معیشت کے ہاتھ پائوں رسیوں سے باندھے، آج ہم ان رسیوں کو کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایک طرف عمران خان تیل سستا کرنے کا اعلان کر رہے تھے دوسری طرف ان کی ٹیم آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کہہ رہی تھی کہ ہم تیل مہنگا کر رہے ہیں۔
تیل کی قیمتیں کم کرنا محض دھوکا تھا آج قوم اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے،عمران نیازی کے دستخطوں سے ان کی ٹیم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا ہے، اللہ نے چاہا تو وزیراعظم جلد ہی اس پرخوش خبری دیں گے.