نیویارک(لاہورنامہ)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین امریکا سمیت دوست ممالک سے تعلقات عمران خان نے خراب کئے، پاکستان کو سری لنکا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال سے امریکہ میں مسلم لیگی عہدیداران نے ملاقات کیاس موقع پر گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ چین امریکہ یورپی یونین اور خلیجی ممالک ہمارے دوست ممالک ہیں عمران خان نے ان سب سے تعلقات خراب کیے ہیں، عمران خان حکومت کی وجہ سے ان ممالک سے سرد مہری پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے تحفے بیچ کر ان کی بے تو قیری کی ہے، امریکہ یونیورسیٹیز میں طلبہ کو بھجوایا جائے گا، آئی ایم ایف کی تقریبا تمام شرائط تسلیم کرلی ہیں، اب آئی ایم ایف بلا وجہ تاخیر کررہا ہے، ایک اور کڑی شرط ہے جس سے ہمارے لیے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان میں اعتماد کا فقدان ہے جو عمران خان کی وجہ سے پیدا ہوا.
جنہوں نے آئی ایم ایف سے جھوٹ بولے، عمران خان نے پاکستان کو سری لنکا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم نے حالات بہتر کیے ہیں اور پاکستان کو سری لنکا بنے سے بچایا۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات اگلے سال اکتوبر میں نئی مردم شماری کے ساتھ ہونگے، اورسیز پاکستانیوں کے لیے پارلمینٹ میں نشستیں رکھیں گے، انٹر نیٹ ووٹنگ سے دھاندلی کے بہت امکانات ہیں۔