لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مریم صفدر کاانتخابی مہم میں صوبائیت کا نعرہ ان کی منفی سوچ کی عکاسی ہے ، کرپٹ لیگ کو پتہ چل گیا ہے انہیں ضمنی انتخا ب میں ” واک اوور “ نہیں ملے گا ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شریف خاندان چار دہائیوں سے پنجاب پر حکمرانی کر رہا ہے بتائیں انہوں نے عوام کوکیا دیا ہے جس کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں،البتہ اس عرصے میں اس خاندان کی فیکٹریاں درجنوں سے سینکڑوں ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹے شکست کو دیکھ کربوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اپنے دفاتر پر خود حملے کر رہے ہیں،یہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے.
ان شا اللہ 17جولائی کو پنجاب میں کاغذی شیرڈھیر ہو جائیںگے ، جتنے مرضی جھوٹے مقدمات درج کر الیں ،ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 17جولائی کو لوٹوں اور ان کے سرپرستوں کی سیاست منوں مٹی تلے دفن ہونے جارہی ہے ،عوام اپنے ووٹوں پر خود پہرہ دیں گے ۔