چوہدری پرویز الٰہی

ضمنی الیکشن نے پنجاب پر قابض حمزہ شہباز کو مسترد کردیا، چوہدری پرویز الٰہی

احمد پور سیال(لاہورنامہ)سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ضلع جھنگ میں تاریخ ساز فتح پر رانا شہباز احمد خاں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا نے عوام میں شعور بیدار کیا ہے ۔

ضمنی انتخابات میں باضمیر ووٹروں نے پرچی کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کا دھڑن تختہ کردیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد پور سیال سے سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ ،ایم پی اے رانا شہباز احمد خاں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن نے پنجاب حکومت پر قابض حمزہ شہباز کو مسترد کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام سب سے بڑی طاقت ہیں ۔(ن) لیگ نے اپنا سکہ جمانے کے لیے غیر آئینی طریقے اور تمام حربے استعمال کیے لیکن ضمنی انتخابات میں عوام نے ان کا حشر نشر کردیا ہے ۔اب وڈیرہ شاہی اور روایتی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے جو کیا اس کا بدلہ پی ٹی آئی نے نہیں عوام نے لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کو ہائی جیک کرکے زبردستی مسلط ہوئے اور بڑے بے آبرو ہوکر تیرے کوچے سے ہم نکلے کے مصداق انہیں اب یہ منصب چھوڑنا پڑے گا۔