اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے در اندازی ایک جارحانہ اقدام ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، ہم نے عالمی برادری کو اپنے خدشات اور تشویش سے باخبر رکھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹرش سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔ گفتگو کے دوران خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت کی حکومت سیاسی مقاصد کے لیے خطے کا امن تہہ و بالا کر سکتی ہے، ہم نے عالمی برادری کو اپنے خدشات اور تشویش سے باخبر رکھا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اسی ضمن میں لکھے گئے اپنے دو خطوط کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے در اندازی ایک جارحانہ اقدام ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے ہمیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔