لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا سیاست سے دور کا بھی واسطہ نہیں اور ان کی (ن) لیگ میں حیثیت ایک غنڈے کی ہے جن سے جماعت کے لئے کام لئے جاتے ہیں.
وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پانچ اراکین کے ادھر اُدھر ہوجانے کا بیان کھلی دھمکی ہے ، ہم امید کرتے ہیں عدالت عظمیٰ رانا ثنااللہ کے دھمکی آمیز بیان کا سختی سے نوٹس لے گی۔ دیگررہنمائوں کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ 17جولائی کی عبرتناک شکست سے حکمران اتحاد کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے.
حکومتی اتحادیوں نے اب کیا مشاورت کرنی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ تمام لوگ شہباز شریف سے اظہار تعزیت کرنے کیلئے ماڈل ٹائون میںجمع ہوئے تھے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے تین ماہ میں معیشت کا دیوالیہ نکال کرتنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل دیا ہے.
معیشت کو ٹیک آف کی پوزیشن پر لے کر جانے کا نعرہ لگانے والے ”اتائی ”ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم اپنی قسمت آزمائے ہوئے اور لٹیروں کے ہاتھوں میں دینے کے لئے ہرگز تیار نہیںہے اور ان شا اللہ وژن رکھنے والا قومی لیڈر عمران خان ہی قیادت کرے گا۔