پاکستان بلائنڈ ٹیم کو سری لنکن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ڈپٹی ہائی کمشنر کی مبارکباد

کولمبو : سری لنکا میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جانباز خان نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں تمام ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں کامیابی پر پاکستانی ٹیم کے اراکین کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی بلائنڈ ٹیم ٹی20 میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم سری لنکا کے دورے پر ہے۔ قومی ٹیم نے گزشتہ روز ڈپٹی ہائی کمشن کا دورہ کیا۔ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچوں میں سری لنکا کو کلین سوئپ کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے مابین ٹی20 میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر جانباز خان نے اس بات کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اراکین بلائنڈ کمیونٹی کے اعتماد میں اضافے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان اور سری لنکا باہمی تعلقات کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے بہترین تعلقات ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے کھیلے گئے تمام پانچوں ون ڈے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں فائنل تک رسائی حاصل کی جن میں سے 2 عالمی کرکٹ کپ 2002ءاور 2006ءمیں کامیابی حاصل کی۔ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 2012ءاور2017 ءکے دونوں ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ میں رنرپ رہا۔