کنٹرول لائن

پاک فضائیہ نے کنٹرول لائن پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے، ایک بھارتی پائلٹ گرفتار

اسلام آباد: پاک فضائیہ نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول پر غیر فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود میں 2 بھارتی طیارے مار گرائے۔ یہ بات دفتر خارجہ اور پاک فوج کے ترجمان نے بتائی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کے اندر 2 بھارتی طیارے مار گرائے جنہوں نے لائن آف کنٹرول عبور کی تھی۔ انہوں نے بتایاکہ ایک طیارہ آزاد کشمیر کے اندر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ موقع پر موجود پاک فوج نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثناءترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ نے بدھ کو پاکستانی فضائی حدود کے اندر سے لائن آف کنٹرول پر کارروائی کی۔ یہ اقدام بھارتی جارحیت کے جواب میں نہیں تھا لہٰذا پاکستان نے انسانی اور ضمنی نقصان سے گریز کرتے ہوئے غیر فوجی ہدف کو نشانہ بنایا جس کا واحد مقصد اپنے دفاع کے لئے اپنے حق، عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ہم کشیدگی میں اضافے کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم اگر اسی طرح کے رویہ کے ذریعے مجبور کیا گیا تو ایسا کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے واضح وارننگ دے کر اور دن کی روشنی میں کارروائی کی۔ گزشتہ چند برسوں سے بھارت کسی نہ کسی بہانے جارحیت کی کارروائیوں کا ارتکاب کرنے کے لئے اسے "نیو نارمل” کی نام نہاد اصطلاح کا نام دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ اگر بھارت ثبوت پیش کئے بغیر نام نہاد دہشت گردوں کے حامیوں پر حملہ کر رہا ہے تو ہم بھی ان عناصر کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کاحق محفوظ رکھتے ہیں جنہیں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے لئے بھارتی سرپرستی حاصل ہے۔ ہم یہ راستہ اختیار کرنے کے خواہاں نہیں اور ہماری خواہش ہے کہ بھارت امن کو موقع دے اور ایک پختہ جمہوری قوم کی طرح مسائل کو حل کرے۔