ضمنی الیکشن, عمران خان

عمران خان کا پی ٹی آئی کی 9 خالی نشستوں پر خود ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان

اسلام آباد(لاہورنامہ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کی ان 9 خالی نشستوں پر خود ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔

تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ عمران خان قومی اسمبلی کی 9 خالی سیٹوں پر خود مقابلہ کریں گے۔

جمعے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے وہ یہ ہیں ، این اے 22 مردان-3، این اے 24 چارسدہ-2، این اے 31 پشاور-5، این اے 45 کرم-1، این اے 108 فیصل آباد-8، این اے 118 ننکانہ صاحب-2، این اے 237 ملیر-2، این اے 239 کورنگی کراچی-1، این اے 246 جنوبی کراچی-1۔نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 10 اگست ہے۔

واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 28 جولائی کو پی ٹی آئی کے 11 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے اور استعفوں کے نوٹی فیکیشنز الیکشن کمیشن کو بھجوا د یئے گئے تھے۔جن 11 ارکان کے استعفے منظور کیے گئے تھے ان میں این اے 22 مردان سے علی محمد خان، این اے 24 چارسدہ سے فضل محمد خان، این اے 31 پشاور سے شوکت علی، این اے 45 کرم ایک سے فخر زمان خان، این اے 108 فیصل آباد سے فرخ حبیب اور این اے 118 سے بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ، این اے 237 ملیر کراچی سے جمیل احمد خان، این اے 239 کورنگی کراچی سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 کراچی جنوبی سے عبدالشکور شاد شامل تھے۔

ان کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان کے استعفے بھی منظور کیے گئے تھے۔سپیکر قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اگلے ہی دن الیکشن کمیشن نے ان تمام ارکان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپنے مستعفی ارکان کے استعفے ایک ساتھ منظور نہ کیے جانے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔