چودھری پرویز الٰہی

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے او رپاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا، چودھری پرویز الٰہی

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے قیام پاکستان کے وقت ہی سازشیں شروع کر دی تھیں۔کشمیر میں مداخلت کرکے ہندوستان نے امن کی فضا خراب کی جبکہ دوسری طرف فلسطین میں سازش کرکے امن خراب کیا گیا۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے او رپاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی 90 شاہراہ قائداعظم پر یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔

میں عمران خان کو تنازعہ کشمیر جنرل اسمبلی میں موثر طریقے سے اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔کشمیر ی عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کا خونی رشتہ ہے۔کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی۔اب بھارتی تنظیمیں بھی کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔او آئی سی کے اہم رکن ممالک کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے۔

جب تک ہم خود کچھ نہیں کریں گے تو کوئی ہماری مدد کو نہیں آئے گا۔مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن پر دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ایشو پر آواز اٹھی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک نے جدوجہد آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔یاسین ملک سے جیل کے اندر غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔یاسین ملک کو ٹرائل کا بنیادی حق نہیں دیا جا رہا۔ یاسین ملک نے جیل میں بھوک ہڑتال کر رکھی ہے اور ان کی حالت خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو گھروں سے نکال کر گولیاں ماری جا رہی ہیں۔بعض جگہوں پر بھارتی فوج نے معصوم لوگوں پر گولیاں چلانے سے انکار کیا ہے اور بین الاقوامی تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔