لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ 13اگست کو لاہور میں منعقد ہونے والا عمران خان کا جلسہ ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گا .
جس سیاسی جماعت کی جڑیں عوام میں ہوں وہ کسی وقت بھی عوام سے رجوع کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتی جبکہ دوسری جانب حکمران اتحاد جو17جولائی کو اپنی عوامی مقبولیت دیکھ چکا ہے اسی بنیاد پر عام انتخابات سے راہ فرار کے بہانے ڈھونڈے جارہے ہیں ،تحریک انصاف موجودہ حالات سے ہرگز خوفزدہ نہیں بلکہ اسے مزید تقویت ملی ہے ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان جدوجہد کا استعارہ ہیں اور اسی کی بدولت انہیں کامیابی ملی ہیں۔ سیاسی مخالفین جس طرح کے دائو پیچ لگا رہے ہیںاس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں عمران خان اور تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کی جرات نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی حقیقت ہے .
اور اگر سیاسی مخالفین یہ سوچ رہے ہیں کہ مائنس تحریک انصاف یا عمران خان پاکستان کی سیاست آگے بڑھ سکتی ہے تو یہ ان کی خام خیالی ہے ، عوام ایسے کسی سیاسی نظام کو ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان 13اگست کے جلسے میں آئندہ کے لئے اہم لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس سے مستقبل کی سیاست کابھی رخ متعین ہوگا۔