احسن اقبال

مشکل فیصلوں میں ملکی معیشت کو نہیں ہارنے دیں گے، احسن اقبال

لاہور(لاہورنامہ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا گردہ کاٹ کر پاکستان کی معیشت کو لگایا ہے،مشکل فیصلوں کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں دس نشستیں ہاریں.

لیکن وہ ہمیں وارے میں ہیں ہم نے معیشت کو نہیں ہارنے دیا، جب اگلے چھ آٹھ مہینے میں استحکام آئے گا جو سیاسی سرمایہ ہم نے کھویا تھا وہ بھی واپس آ جائے گا،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ جاری نہیں ہو سکا .

کوئی بھی ملک ساڑھے نو فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے ساتھ ترقی نہیں کر سکتا،جتنے بھی کامیاب ملک ہیں جنہوں نے ترقی کی ان کی ٹیکس ٹو جی ڈی اٹھارہ سے بیس فیصد ہے ،ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے مجبوری ہوتی ہے اگر ٹیکس آمدن حاصل نہیں ہو رہی تو انہی لوگوں کو جکڑا جائے جو پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں آ گئے ہوتے ہیں، جو لوگ ٹیکس نہیں اادا کر رہے ہیں ان کی بجائے وہی شکنجے میں نچوڑے جاتے ہیں جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں.

بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والوں کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے اٹھاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران و دیگر بھی موجود تھے۔ چین ہم سے منافع نہیں لینا چاہتے بلکہ وہ ہمیں صنعتی ملک کے طور پر خود کفیل اور مضبوط دیکھنا چاہتا ہے ۔

چین کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہو گی کہ وہ پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں کردار ادا کر سکے اور چین کی خواہش ہے کہ پاکستان چین کے لئے اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ کوشش کرے اور وہ اس کے لئے ہماری مدد کرنے کے لئے بھی تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین اس وقت پوری دنیا سے سوا دو ہزار ارب ڈالر کی درآمدا ت کرتا ہے اور اس میں پاکستان کا حصہ صرف تین ارب ڈالر ہے ، ہمیں یہ خوف تو رہتا ہے کہ چین کی مصنوعات ہماری مارکیٹ میں آکر شیئر لے جائیں گی لیکن ہم نے کبھی یہ توجہ نہیں دی کہ چین سوا دو ہزار ارب ڈالر کی درآمدات بھی تو کر رہا ہے اور وہاں حکومت ہماری مدد کرنے کے لئے بھی تیار ہے ۔