چودھری پرویزالٰہی

چودھری پرویزالٰہی کی گجرات میں صنعتکاروں اور معززین علاقہ سے ملاقات

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تاجرو ں اور صنعتکاروں کو تمام تر ممکنہ سہولتیں دیں گے۔ گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔

گجرات میں معروف صنعتکار عدنان سیٹھی کی رہائش گاہ پر تاجروں، صنعت کاروں اور معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی تاجروں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ کاروبار کے اوقات کار کی پابندی کو پورے صوبے میں ختم کیا اور کاروباری مراکز اور مارکیٹیں پورے ہفتے کھولنے کی اجازت دی۔

تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے صوبے میں مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔صوبے میں سٹیٹ آف آرٹ سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے۔تاجر برادری اور صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام کے دیرینہ مطالبے پر گجرات کو باقاعدہ ڈویژن کا درجہ دیا۔ کنجاہ اور جلالپور جٹاں کو تحصیل بنا ئیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کا بہترین نظام لائیں گے۔

گجرات میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنائی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقامی تاجروں اور صنعت کاروں نے کہا کہ گجرات کو ڈویژن بنانا آپ کا تاریخ ساز اقدام ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تاجر برادری اور صنعت کاروں نے گجرات کی تعمیر و ترقی کے لئے اربوں کے عوامی منصوبوں پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا اور چودھری پرویزالٰہی کو قائد پنجاب کا خطاب دیا۔

تاجر وں نے کہا کہ کاروباری اوقات کار کی پابندی ختم اور اتوار کو کاروبار کی اجازت دینے پر پنجاب کی پوری تاجر برادری اور صنعت کار آپ کے بزنس فرینڈلی اقدام کو سراہتے ہیں۔ آپ نے گجرات کو ترقی کی دوڑ میں ایک بار پھر شامل کر دیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، اراکین صوبائی اسمبلی سلیم سرور جوڑا، میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، محمد ارشد چوہدری اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔