اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے نئے انتخابات کے مطالبہ پر غور نہ کیا تو پاکستان میں افراتفری پھیلنے کا امکان ہے.
عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہے، پاکستان میں ان کے برابر کا کوئی لیڈر نہیں،کٹھ پتلی حکومت کے پاس اپنی حکومت جاری رکھنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں۔
برطانوی نشریاتی دارے کو دیئے گئے انٹرویومیں پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنے کے لئے ایسے الزامات عائد کئے جائیں جس طرح عمران خان پر عائد کئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز گل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اغواء کیا گیا، مجسٹریٹ نے تشدد کے الزامات کی تحقیقات کئے بغیر انہیں پولیس کے حوالے کیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا کہ تشدد کے الزامات کی تحقیقات نہ کرنے پر وہ مجسٹریٹ کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے، اس بنیاد پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا ہے جس کی کوئی قانونی اہمیت نہیں۔ فواد چوہدری نے کہاکہ حکومت نے گزشتہ روز جب عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ہزاروں کارکن سڑکوں پر آگئے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہے، پاکستان میں ان کے برابر کا کوئی لیڈر نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کا عمران خان کے حق میں باہر نکلنا ان کی عمران خان سے محبت کا اظہار ہے، انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں کٹھ پتلی حکومت اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے حکومت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی حکومت کے پاس اپنی حکومت جاری رکھنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں، ہم الیکشن چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو حکومت کے انتخاب کا موقع دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت موجودہ وزیراعظم کے پاس قومی اسمبلی کی 84 نشستیں ہیں اور وہیں عمران خان کے پاس 155 نشستیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ تصور کر سکتے ہیں کہ ایک اقلیت اس وقت پاکستان پر حکومت کر رہی ہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ ان کے پاس حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، حکومت نے پاکستان کے متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔
سابق وزیر نے کہاکہ پچھلے پچاس سالوں کے مقابلے میں اس وقت مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت نے نئے انتخابات کے مطالبہ پر غور نہ کیا تو پاکستان میں افراتفری پھیلنے کا امکان ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ سائفر میں جس قسم کی زبان استعمال کی گئی، کوئی ملک اس کی اجازت نہیں دیتا، یہ ہمارے لئے بہت سنگین مسئلہ تھا، ہم اس کی مکمل تحقیقات چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہاکہ فوج کا پاکستان کی تاریخ میں وسیع سیاسی کردار رہا ہے، صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں بھی اس قسم کی شکایت کرتی ہیں۔