ایمرجنسی نافذ

نوشہرہ میں ایمرجنسی نافذ، ضلع بھر میں 100سے زائد ریلیف کیمپ قائم

پشاور(لاہورنامہ)صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں سیلابی پانی سے 9 یونین کائونسلز شدید متاثر ہوئی ہیںِ، نوشہرہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے.

لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں،تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں سیلاب کی شدت میں کمی کے لیے صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے واپڈا سے رابطہ کیا ہے.

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کا کہنا تھا کہ واپڈا حکام نے تربیلا اور وارسک ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کی ہے،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اخراج میں کمی سے دریائے کابل میں سیلابی ریلے کی شدت میں کمی آئے گی،انہوں نے کہا کہ سیلاب کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں.

چارسدہ اور نوشہرہ کے سیلاب متاثرین کے لیے کیمپ قائم کیے گئے ہیں، چارسدہ میں منڈا ہیڈ ورکس کا آدھا حصہ سیلابی ریلے میں تباہ ہوچکا ہے، 2 عدد ڈسچارج کنٹرول سیکشن پانی میں بہہ گئے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں 100 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، ریلیف کیمپس میں کھانے پینے اور رہائش کا مناسب بندوبست ہے۔