لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں شعبہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا ۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کو ہسپتالوں کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کر کے بہتری کے لئے سفارشات پیش کریں اور اسی طرح دیہی و بنیادی مراکز صحت اورہسپتالوں میں ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے-
وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ وضع کردہ پلان کے مطابق ہسپتالوں میں ادویات مہیا کرنے کاانتظام کیا جائے کیونکہ غریب آدمی کو علاج معالجے کی سہولت دینا ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی ہسپتال میں ہنگامی منتقلی کے لئے ائیر ایمبولینس سروس کا پراجیکٹ لا رہے ہیں جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں منشیات کے عادی افراد کے لئے 100بیڈ کا ہسپتال جلد شروع ہوگا ، اسی طرح بہاولنگر میں ڈاکٹرز کے لئے رہائش گاہوں کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل ہوگی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سروسز ہسپتال میں ریڈیالوجی اور سپیشلیٹی ڈیپارٹمنٹ سروسز ٹاور کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اورفاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کو فعال کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں،سرکاری ہسپتالوں میں معیاری پرائیویٹ روم بھی بنائے جائیں-انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کے لئے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ سمیت متعددقوانین لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے طلباء مخصوص نشستوں پر میڈیکل کالجز میں داخلہ لے سکیں گے- اجلاس میں میڈیکل ٹیچنگ فیکلٹی کی مدت ملازمت بڑھانے کی تجویز پر غورکیا گیا جبکہ نرسنگ سکولوں میں نائٹ شفٹ کے آغاز اور میل نرسوں کو بھرتی کرنے کی تجاویزکا جائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی ٹیسٹ کی یکساں فیس کے فیصلے کا ازسرنوجائزہ لیا جائے -غریب آدمی پر علاج معالجے کا بوجھ ڈالنا مجھے گوارہ نہیں ،یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ غریب مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں فری آف کاسٹ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہزاروں ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر سٹاف کی بھرتی کا عمل شفافیت سے مکمل کیا جا رہا ہے اور شعبہ صحت میں تبدیلی کے نمایاں آثار رونما ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت عوام کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ صحت کتے کے کاٹنے پر 30ہزار ضروری ویکسین فراہم کرے گا اور15ہزار ویکسین جنوبی پنجاب کو فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،صوبائی مشیر صحت محمد حنیف پتافی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، ایس ایم یو کے سربراہ فضیل آصف، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی