لاہور(لاہورنامہ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج ولاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی امداد اور ریلیف سرگرمیوں کے لئے 6رکنی کمیٹی قائم کر دی .
جو مخیر حضرات سے متاثرین سیلاب کی فوری امداد و بحالی کے لئے نقد رقوم کے علاوہ راشن، خوراک، ادویات، کپڑے کی مد میں بھی عطیات وصول کرے گی اور اس حوالے سے فوری طور پر کام شروع کرتے ہوئے اقدامات اٹھائے گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے پی جی ایم آئی سے فارغ التحصیل بیرون ملک خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خصوصی طور پر آگے آئیں اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کی عملی مدد کریں۔انہوں نے شہریوں اور میڈیکل کمیونٹی سے درخواست کی کہ پی جی ایم آئی کی تشکیل کردہ اس ریلیف کمیٹی کو دل کھول کر عطیات دیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے یقین دلایا کہ اس مد میں وصول ہونے والی ایک ایک پائی کو دیانتداری کے ساتھ متاثرین کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا لہذا وہ کھلے دل کے ساتھ دکھی انسانیت اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر محمد حنیف میاں اس ریلیف فنڈکمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ ڈاکٹر محمد عرفان ملک، ڈاکٹر رضوان فاروق، ڈاکٹر عمران حیات، ڈاکٹر جہانزیب عقیل اور ڈاکٹر احمد فراز اس کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی اترنے کے بعد وبائی امراض،جلد و پیٹ کی بیماریاں، ملیریا، ٹائیفائیڈ پھیلنے کے امکانات ہیں .
جس کے کیلئے میڈیکل کمیونٹی کو ابھی سے تیار رہنا ہوگا اور متعلقہ اداروں کو بھی ان بیماریوں سے بچاؤ اور مریضوں کے بہتر علاج کیلئے ضروری انتظامات کو عملی شکل دینا ہوگی تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں احسن طریقے سے نمٹا جا سکے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ان حالات میں ہم سب کو اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔